ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا نے بہت سی زندگیاں برباد کر دیں: عدالت

کورونا نے بہت سی زندگیاں برباد کر دیں: عدالت

Tue, 31 Aug 2021 00:24:57    S.O. News Service

نئی دہلی،31؍اگست (آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کورونا نے بہت سی زندگیاں برباد کر دی ہیں اور ان بچوں کی زندگیوں کو دیکھنا دل دہلا دینے والا ہے جنہوں نے وبائی امراض کے دوران اپنے والد، ماں یا دونوں کو کھو دیا ہے۔ عدالت نے تاہم مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے ایسے بچوں کو ریلیف دینے کے لیے اعلان کردہ اسکیموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ حکومتوں نے ان بچوں کی شناخت میں اطمینان بخش پیش رفت کی ہے جو کورونا وبائی امراض کے دوران یتیم ہو چکے ہیں یا اپنے والدین میں سے کسی ایک کو کھو چکے ہیں۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس انیرودھ بوس کی بنچ نے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ یو او آئی (حکومت ہند) اور ریاستی حکومتوں؍مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے ضرورت مند بچوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے اسکیموں کا اعلان کیا ہے۔

ہمیں کوئی شک نہیں کہ متعلقہ حکام ایسے بچوں کو فوری طور پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔عدالت بچوں کے تحفظ پر کورونا کے اثرات پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کر رہی تھی۔ عدالت نے حکم میں کہا کہ ایک لاکھ سے زائد بچوں نے وبائی امراض کے دوران ماں، والد یا دونوں کو کھو دیا ہے۔بنچ نے کہاکہ کورونا نے بہت سے لوگوں کی زندگی تباہ کر دی ہے خاص طور پر چھوٹے بچوں نے جنہوں نے اپنے والدین کو کھو دیا ہے۔ یہ دیکھ کر دل دہل جاتا ہے کہ ایسے بہت سے بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔بنچ نے کیس کی سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔


Share: